بھارت: ایک ہی روز میں اومکرون کے 17 کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 21 ہو گئی

0
611

بھارت میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومکرون کے مزید 17 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے۔

بھارت میں اومکرون کا پہلا کیس گزشتہ ہفتے ریاست کرناٹکا میں رپورٹ ہوا تھا اور پیر کو سامنے آنے والے کیسز ایک روز کے دوران سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والے کیسز ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کو ریاست مہاراشٹرا میں سات، جے پور میں نو اور دہلی میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

نائجیریا سے پونے آنے والے ایک ہی خاندان کے چھ افراد میں کرونا کی اومکرون قسم کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ فن لینڈ سے ریاست مہاراشٹرا آنے والے ایک شخص میں وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

جے پور میں رپورٹ ہونے والے تمام نو کیسز ایک ہی خاندان کے افراد میں پائے گئے ہیں جو حال ہی میں جنوبی افریقہ سے بھارت پہنچے تھے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کو تنزانیہ سے دہلی پہنچنے والے ایک 37 سالہ شخص میں بھی اومکرون کی تشخیص ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کرونا کی نئی قسم اومکرون کا پہلا کیس 25 نومبر کو جنوبی افریقہ میں رپورٹ ہوا تھا اور عالمی ادارۂ صحت نے اس ویریئنٹ کو ‘باعثِ تشویش’ قرار دیا تھا۔

بھارت بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر بیرونِ ملک سے اور خاص طور پر ہائی رسک قرار دیے گئے ممالک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ اور ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY