سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب و اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے صاحبزادوں حمزہ اور سلمان شہباز نے ملاقات کی اور نیب کیس پر تبادلہ خیال کیا ۔
جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات میں مریم نواز بھی موجود تھیں،حمزہ شہباز نے بتایا کہ والد صاحب کو نیب نے صاف پانی کے معاملے میں بلایا اور آشیانہ ہائوسنگ کیس میں گرفتار کیا ۔
انہوں نے بتایا کہ ایک کیس میں بلاکر دوسرے میں گرفتار کرنے کا یہ مذاق زیادہ دیر نہیں چلے گا ۔
حمزہ شہباز کا یہ بھی کہنا تھاکہ شہبازشریف نے 10سالوں میں اپنی نیند اور صحت کو نہیں دیکھا ،صرف عوام کی خدمت کی اور مختلف منصوبوں میں قوم کے 2300 ارب روپے بچائے ۔
انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے جس ٹھیکیدار کا ٹھیکہ منسوخ کیاوہ نیب سے پلی بارگین دے کر رہا ہوا ہے ۔
ملاقات میں نوازشریف نےحمزہ ،سلمان اور مریم نوازسے شہبازشریف کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی ۔












