سابق وزیر اعظم نواز شریف نے قومی احتساب بیورو(نیب) کی حراست میں موجود اپنے بھائی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے دیگر اہلخانہ کے ہمراہ ملاقات کی۔
دو روز قبل آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار کیے جانے والے شہباز شریف سے ان کے بھائی نواز شریف کے ساتھ ساتھ اہلیہ نصرت اور دونوں بیٹوں حمزہ اور سلمان نے بھی ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی اپنے بھائی اور اہلخانہ سے اتوار کو ہونے والی یہ ملاقات تقریباً سوا گھنٹہ جاری رہی۔
یہ ملاقات ڈائریکٹر جنرل نیب عرفان نعیم منگی کی منظوری کے بعد نیب کے لاہور دفتر میں کرائی گئی جہاں گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر کو رکھا گیا ہے۔
ہفتے کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد عدالت نے شہباز شریف کے 10روزہ جسمانی ریمانڈ کی اجازت دی تھی۔













