دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 462 رنز کا ہدف دے دیا۔
آسٹریلیا کے خلاف دوسری اننگ میں پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کردی۔
امام الحق اور حارث سہیل نے چوتھے روز کھیل شروع کیا تو دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ پر 65 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 110 تک پہنچا یا۔
اس موقع پر امام الحق 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے حارث سہیل بھی 39 رنز سے آگے نہ جاسکے۔
کھانے کے وقت تک قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنالیےتھے اور اسے کینگروز پر 435 رنز کی برتری حاصل تھی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جون ہولاند نے 3، نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلوی ٹیم 202 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم نے فالو آن نہ کروانے کا فیصلہ کیا اور اپنی دوسری اننگز شروع کی












