اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کے قونصل جنرل سید زاہد رضا جو پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے فنڈز جمع کرنے کی کوششوں میں بہت متحرک ہیں، ان کی کوششوں سے اسکاٹ لینڈ کی حکومت نے پاکستان میں امدادی کاموں کے لئے 50 لاکھ پونڈ کی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اسکاٹش حکومت کے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ منسٹر نیل گرے گلاسگومیں پاکستانی قونصلیٹ میں آئے اور قونصل جنرل سید زاہد رضا سے ملاقات کی،اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور اس کے عوام کے لئے نیک خواہشات کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا۔ اسکاٹش حکومت نے یہ رقم ڈزاسٹر ایمرجنسی رسپانس کوعطیہ کی ہے جو برطانیہ کی 14 بڑی امدادی ایجنسیوں پر مشتمل ہے، اس تنظیم نے گزشتہ ہفتے 16 ملین پونڈ جمع کئے تھے۔ امداد کا نصف حصہ اسکاٹش حکومت کے ہیومنٹیرین ایمرجنسی فنڈز پینل کوامدادی سرگرمیوں کے لئے دیا جائے گا۔ ملاقات کے موقع پر قونصل جنرل پاکستان سید زاہدرضا نے اسکاٹش منسٹر کو پاکستان میں سیلاب کی خوفناک تباہ کاریوں اور تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ سیلاب زدگان کی بحالی کے عمل میں اپنا بھرپور تعاون مستقبل میں بھی مسلسل جاری رکھیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY