وفاقی کابینہ نے پاسپورٹ سے پیشے کا کالم ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں پانچ ریگولیٹری اتھارٹیز کے انتظامی اختیارات متعلقہ وزارتوں سے لے کر کابینہ ڈویژن کو منتقل کرنےاور وزارت خزانہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے اخراجات کو قرضہ تحقیقاتی کمیشن کا سیکریٹری مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے پاسپورٹ سے پیشے کا کالم ختم کرنے کی بھی منظوری دی۔

سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف اور سابق صدر ممنون کے بیرون ملک دوروں پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بھی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق یوسف رضا گیلانی نے چار سال میں 48 غیر ملکی دوروں پر 57 کروڑ سے زائد خرچ کیے ۔ یوسف رضا گیلانی نے ایک کروڑ 5 لاکھ روپے کی ٹپ اور ایک کروڑ 22 لاکھ کے تحائف دئیے ۔

راجہ پرویز اشرف نے ایک سال میں 9 بیرون ملک دورے کیے جن پر 10 کروڑ سے زائد خرچ کیے، راجہ پرویز اشرف نے 47 لاکھ روپے ٹپ کی مد میں ادا کیے۔

سابق صدر ممنون حسین نے پانچ سال میں 31 دورے کیے جن پر بیرونی دوروں پر 27 کروڑ 82 لاکھ روپے خرچ ہوئے ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال کیا گیا، سابق حکمرانوں سے عوام کے ٹیکس کا پیسہ واپس لیا جائے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY