امریکی حکومت نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ انتہا پسند مذہبی جماعتوں کے سدباب کے لیے فوری قانون سازی کرے۔

خیال رہے امریکا کی جانب سے یہ بیان سپریم کورٹ کے فیصلے پر مذہبی جماعتوں کے احتجاج سے کچھ گھنٹوں قبل دیا گیا۔

امریکا کی جانب سے یہ بیان گزشتہ ہفتے سامنے آنے والی ان خبروں پر دیا گیا ہے جس میں انکشاف ہوا تھا کہ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اب کالعدم جماعتوں کی فہرست سے نکل چکی ہیں، جبکہ امریکا ان دونوں تنظیموں کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ میں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ‘جماعت الدعوۃ، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کالعدم نہیں رہیں’۔

رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کی ایک قرارداد کے تحت جاری کیے گئے صدارتی آرڈیننس کے معیاد کے خاتمے کے بعد حافظ سعید کی سربراہی میں چلنے والی ‘جماعت الدعوۃ’ اور ‘فلاح انسانیت فاؤنڈیشن’ کالعدم جماعتوں کی فہرست میں نہیں رہیں۔

اس حوالے سے اطلاعات ہیں کہ نئی حکومت ان تنظیموں پر عائد پابندی کی مدت میں اضافے کے لیے غور کر رہی ہے۔

اس بارے میں امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس صورتحال میں پاکستان کو فوری طور پر قانون سازی کرنے کی ضرورت ہےجو ان دونوں تنظیموں کو محدود کرسکے۔

امریکی عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی کی مدت ختم ہونا پاکستان کی جانب سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی اے) کے ساتھ کیے گئے وعدے کے برخلاف ہے جس کے تحت اسے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے میں درپیش خامیوں کو دور کرنا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY