بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی، زراعت، اقتصادی و تکنیکی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، وزیراعظم کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں استقبالیہ تقریب ہوئی۔
بیجنگ میں چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ وزیراعظم ہاؤس آمد پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد پاکستان اور چین کے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں سی پیک، اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت لی کی چیانگ نے کی۔ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔
اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں استقبالیہ تقریب ہوئی جہاں انہیں گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی ہیروز کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔












