افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اندرونی حملے کے نتیجے میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
خاما پریس کی رپورٹ کے مطابق ریزولٹ سپورٹ مشن کے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘کابل میں ہونے والے اندرونی حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا’۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘ابتدائی رپورٹس کے مطابق حملہ آور کا تعلق افغان نیشنل ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی فورسز سے تھا اور حملے کے فوری بعد اسے اس کے ساتھی نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا’۔
ریزولٹ سپورٹ مشن کے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘حملے کے فوری بعد دونوں متاثرہ امریکی فوجیوں کو طبی امداد کے لیے بگرام ایئر فیلڈ منتقل کیا گیا’۔
بیان میں کہا گیا کہ زخمی امریکی فوجی کو طبی امداد فراہم کردی گئی ہیں اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
ریزولٹ سپورٹ مشن کا کہنا تھا کہ واقع کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
18 اکتوبر 2018 کو افغانستان کے صوبے قندھار میں داخلی حملے کے نتیجے میں صوبے کے گورنر زالمے ویسا، صوبائی پولیس چیف جنرل عبدالرازق اور صوبائی انٹیلی جنس چیف عبدالموہمن ہلاک ہوگئے جبکہ نیٹو فورسز کے کمانڈر محفوظ رہے تھے۔












