دیوالی پر آتش بازی کی پابندی نظر انداز، نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا

0
892

ہندوؤں کے تہوار دیوالی پر آتش بازی کے بعد بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی فضا جمعے کو دنیا میں سب سے زیادہ آلودہ ترین ریکارڈ کی گئی ہے۔

نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے اور گہری اسموگ نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق جمعرات کو دیوالی کی تقریبات کے دوران شہریوں نے نئی دہلی میں آتش بازی پر پابندی کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے پٹاخے اور پھلجڑیاں چلائیں اور دیے بھی روشن کیے۔

سوئس فرم آئی کیو ایئر کے مطابق جمعے کی صبح نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 348 رہا جس کی وجہ سے نئی دہلی دنیا کے سب سے آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر چلا گیا ہے۔

نئی دہلی کی مقامی حکومت سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں گزشتہ کچھ عرصے سے اسموگ پر قابو پانے کے لیے دیوالی اور موسمِ سرما میں آتش بازی پر پابندی لگاتی آئی ہے۔

تاہم پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر جیل بھیجنے کے خطرے کے باوجود شہریوں کو آتش بازی سے روکنے میں انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بعض ہندو تنظیموں کا کہنا ہے کہ آتش بازی پر پابندی تہوار کو منانے میں مداخلت کے مترادف ہے جب کہ اس کے دلائل میں دہلی کی حکومت یہ مؤقف اختیار کرتی رہی ہے کہ پابندی کا مقصد لوگوں کی زندگیاں بچانا ہے۔

نئی دہلی میں جمعے کو شدید اسموگ کی ایک وجہ بھارت کے شمالی علاقوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے بھی ہے۔ موسمِ سرما کے آغاز میں فصلوں کی باقیات جلانے سے ہر سال نئی دہلی کی ایئر کوالٹی انڈیکس متاثر ہونا شروع ہوجاتی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY