امریکہ کی ریاستوں کیلی فورنیا اور مونٹانا میں شدید گرمی میں تیز ہواؤں کے سبب جنگلات میں لگی آگ بڑے پیمانے پر پھیل گئی ہے۔حکام نے متاثرہ علاقوں میں آبادی خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
کیلی فورنیا کے کلماتھ نیشنل فاریسٹ میں جمعے کو لگنے والی آگ نے ایک ہی دن میں 160 مربع کلومیٹر کے علاقے کو متاثر کیا ہے جب کہ آگ ریاست اوریگن کے قریب بڑے دیہی علاقے تک پھیل گئی۔
کلماتھ نیشنل فاریسٹ کی ترجمان کیرولین کوئنٹانیلا نے بتایا کہ علاقے میں ہواؤں کا رخ بار بار تبدیل ہو رہا ہے جب کہ درجۂ حرارت 100 فارن ہائٹ سے زیادہ ہو چکا ہے۔
دریں اثنا ریاست مونٹانا میں جنگل کی آگ کو ’ایلمو‘ کا نام دیا گیا ہے۔ آگ تین گنا بڑھ چکی ہے اور ایلمو کے علاقے سے باہر کئی کلومیٹر میں پھیل چکی ہے۔
یہاں سے لگ بھگ 320 کلومیٹر جنوب میں ریاست آئڈاہو کے باشندے انخلا کے احکامات کے تحت مختلف علاقوں سے نکل رہے ہیں کیوں کہ سالمن چالیس نیشنل فارسٹ میں آگ نے سالمن قصبے کے قریب 174 مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے کو متاثر کیا ہے۔











