دبئی میں غیر ملکیوں کی تقریباً 400 ارب ڈالرز کی جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے جس میں پاکستانیوں کی بھی 11 ارب ڈالر کی جائیدادیں شامل ہیں۔
“پراپرٹی لیکس” میں دنیا کی کئی سیاسی شخصیات، حکومتی اہلکاروں اور ریٹائرڈ سرکاری افسروں کے نام شامل ہیں۔ پاکستانیوں کی دبئی میں 11 ارب ڈالرز کی جائیدادیں ہیں، دبئی میں جائیدادیں خریدنے والے غیرملکیوں میں پاکستانیوں کا دوسرا نمبر ہے۔
پراپرٹی لیکس میں انکشاف ہوا ہے کہ 17 ہزار پاکستانیوں نے دبئی میں 23 ہزار جائیدادیں خرید رکھی ہیں ۔ پراپرٹی لیکس میں صدر آصف زرداری کے تین بچوں کے نام شامل ہیں۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا نام بھی دبئی کی جائیداد کے مالکوں کی فہرست میں شامل ہے۔ پراپرٹی لیکس میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز کا نام بھی شامل ہے۔
ایک درجن سے زیادہ ریٹائرڈ سرکاری افسروں، ایک پولیس چیف، ایک سفارت کار اور ایک سائنسدان کا نام بھی پراپرٹی لیکس میں شامل ہے۔
پراپرٹی لیکس کے مطابق حسین نواز شریف کی بھی دبئی میں جائیداد ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی کی اہلیہ بھی دبئی میں جائیداد کی مالک ہیں۔ شرجیل میمن اور ان کے فیملی ممبرز کے نام بھی دبئی میں جائیداد کے مالکوں کے ناموں میں شامل ہیں۔ سینیٹر فیصل واوڈا کا نام بھی دبئی کے جائیداد کے مالکوں کے نام میں شامل ہے۔ سندھ کے چار ارکان قومی اسمبلی کی بھی دبئی میں جائیدادیں ہیں۔ بلوچستان اور سندھ کے 6 سے زائد ارکان صوبائی اسمبلی کے نام بھی پراپرٹی لیکس میں شامل ہیں۔
بھارتی شہری دبئی میں جائیدادیں خریدنے والے غیرملکیوں میں سب سے آگے ہیں۔
پراپرٹی لیکس میں انکشاف ہوا ہے کہ 29 ہزار 700 بھارتیوں کی دبئی میں 35 ہزار جائیدادیں ہیں۔ بھارتیوں کی دبئی میں جائیدادوں کی مالیت تقریباً 17ارب ڈالر ہے۔
اس کے علاوہ 19ہزار 500 برطانوی شہریوں کی دبئی میں 22 ہزار جائیدادیں ہیں۔ برطانوی شہریوں کی دبئی میں خریدی گئی جائیدادوں کی مالیت 10ارب ڈالر ہے۔
8 ہزار پانچ سو سعودی شہریوں نے دبئی میں ساڑھے آٹھ ارب ڈالرز کی 16 ہزار جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔
دبئی میں جائیدادوں کا یہ ڈیٹا واشنگٹن میں قائم این جی او “سنٹر فار ایڈوانسڈ اسٹیڈیز” نے حاصل کیا۔ جائیدادوں کا ڈیٹا واشنگٹن کی این جی او نے ناروے کے فنانشل آوٹ لٹ ای ٹوئنٹی فور کے ساتھ شیئر کیا۔ جائیدادوں کا ڈیٹا “آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ” نامی تنظیم سے بھی شیئر کیا گیا۔ “آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ” نے 6 ماہ کے تفتیشی پراجیکٹ پر کام کر کے جائیدادوں کے مالکوں کا پتہ لگایا ۔
تفتیشی پراجیکٹ پر 58 ملکوں کے 74 میڈیا اداروں کے رپورٹرز نے کام کیا۔ تفتیشی پراجیکٹ سے دبئی میں حال ہی میں کم از کم ایک جائیداد خریدنے والے سزا یافتہ مجرموں، مفروروں اور سیاسی شخصیات کا پتہ لگایا۔
Published on: 17 Nov 2018اس سے قبل چھ سال پہلے کی عالمی اخبار کی خبر
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 35 پاکستانی سیاستدانوں کی دبئی میں جائیدادوں کا انکشاف کردیا۔
ایف آئی اے نے بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیداد سے متعلق سپریم کورٹ میں عبوری رپورٹ پیش کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ 894 پاکستانی دبئی میں جائیداد رکھتے ہیں جن میں سے 674 نے باقاعدہ بیان حلفی جمع کرا دیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ، دبئی میں جائیداد بنانے والے 15 سو پاکستانیوں کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ
رپورٹ کے مطابق 374 پاکستانیوں نے ایمنسٹی اسکیم 2018 کے تحت اپنی جائیدادیں ظاہر کیں، جبکہ 82 پاکستانیوں نے دبئی میں جائیدادیں تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایمنسٹی اسکیم کے تحت جائیدادیں ظاہر کرنے والوں میں سے 7 کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے انکوائری اور ریفرنسز کا سامنا ہے۔
سپریم کورٹ میں پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ’69 پاکستانیوں نے سالانہ ٹیکس ریٹرنز میں ایف بی آر کے سامنے دبئی جائیدادیں ظاہر کیں‘۔
اس ضمن میں یہ بھی بتایا گیا کہ 74 پاکستانیوں کی تفصیلات کی صداقت نہیں ہوسکی۔
ایف آئی اے کی عبوری رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایمنسٹی اسکیم 2018 کے تحت جائیداد ظاہر کرنے والوں میں سب سے زیادہ افراد کا تعلق سندھ سے ہے جن کی تعداد 253 ہے جبکہ پنجاب سے 100، اسلام آباد سے 13 اور خیبر پختونخوا سے 4 افراد کی دبئی میں جائیدادیں ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق ایمنسٹی اسکیم سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کسی شخص نے فائدہ نہیں اٹھایا۔
علاوہ ازیں ٹیکس ریٹرنز سے جائیدادیں ظاہر کرنے والوں میں بھی صوبہ سندھ آگے ہے، رپورٹ کے مطابق 37 افراد کا تعلق سندھ، 24 کا اسلام آباد، 5 کا پنجاب، 2 کا بلوچستان اور ایک کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔
دبئی میں جائیداد رکھنے سے انکار کرنے والے 82 پاکستانیوں میں سے 55 کا تعلق سندھ، 23 کا پنجاب، ایک کا اسلام آباد جبکہ 3 کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ بیان حلفی جمع نہ کرانے والوں میں سے 118 کا تعلق سندھ، 71 کا پنجاب، 29 کا اسلام آباد اور 2 کا خیبر پختونخوا سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق دبئی میں جائیداد رکھنے والا ایک پاکستانی مفرور ہے جبکہ 13 انتقال کرچکے ہیں۔
سپریم کورٹ میں پیش کردہ رپورٹ میں بھی کہا گیا کہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تفصیلات خفیہ ہونے کے باعث ایف بی آر ڈیٹا سے کراس چیک نہیں کی جاسکیں۔
رپورٹ کے متن میں بتایا گیا کہ ’تحقیقات کے دوران دبئی میں جائیداد بنانے والوں میں 35 سیاستدانوں یا ان کے کفالت داروں کے نام سامنے آئے ہیں‘۔
تاہم 150 پاکستانیوں نے ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھایا نہ ہی ایف بی آر میں جائیدادیں ظاہر کیں۔
انتخاب۔ زاہدہ خوشی












