نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز دوسری اننگز میں 249 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور گرین شرٹس کو جیت کےلئے 176رنز کا ہدف دیا ہے ۔

نیوزی لینڈ نے گزشتہ روز کے اسکور 56 رنز ایک وکٹ پر اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور پوری ٹیم 249رنز پر ڈھیر ہوگئی ،گرین شرٹس کے یاسر شاہ اور حسن علی نے دوسری اننگز میں 5،5 کیوی بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔میچ میں آج کے دن کے اختتام کے بعد بھی دو دن کا کھیل باقی ہے ،اس دوران پاکستان 176 رنز کا ہدف عبور کرکے پہلا ٹیسٹ میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوسکتا ہے ۔

کیویز ٹیم نے تیسرے روز کے کھیل کا آغاز 56 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ کیا تو کپتان کین ولیمسن 27 اور جیت راول 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے باز محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھاتے رہے تاہم 86 کے مجموعے پر ولیمسن یاسر شاہ کا شکار بن گئے، وہ 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اوپننگ بلے باز جیت راول اور روس ٹیلر نے بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ٹیلر کی اننگز 19 رنز تک ہی محدود رہی جنہیں حسن علی نے آؤٹ کیا۔

108 رنز پر 4 وکٹیں گر جانے کے بعد کیوی بیٹسمین ہنری نکولس اور بی جے واٹلنگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 200 رنز تک پہنچادیا،220 کے مجموعے پر یاسر شاہ نے یہ شراکت توڑ دی ،نکولس نے 55 رنز بنائے تھے۔

گرینڈ ہوم آوٹ ہونے کے چھٹے بلے باز تھے جو صرف 3 رنز کا اضافہ کرپائے، 227 کے اسکور پر یاسر شاہ نے پہلے واٹلنگ کو آؤٹ کیا جس کے بعد ویگنر کو صفر پر آؤٹ کرکے کیوی ٹیم کو یکے بعد دیگرے 2 وکٹوں کے نقصان سے دوچار کردیا۔

بی جے واٹلنگ نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے جو 59 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

سودھی نے 18 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی تھی لیکن حسن علی نے انہیں وکٹ پر مزید ٹھہرنے کی مہلت نہ دی جس کے بعد 249 کے ہی اسکور پر ٹرینٹ بولٹ بھی حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

فاسٹ بالر حسن علی نے 45 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں ، جبکہ یاسر شاہ نے 110 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا ۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم بھی اپنی پہلی اننگز میں 227 رنز بناسکی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY