عزت مآب جناب حسین نقی صاحب کے ساتھ تھانہ سپریم کورٹ کے روم نمبر ون میں نثار چابک نامی بد زبانی کی شہرت رکھنے والے چیف تفتیشی اہلکار نے جو بدزبانی کی اور انہیں جس بد سلوکی کا نشانہ بنایا، اس پر میرا خون کھول رہا تھا، کان اور چہرہ لال ہو رہا تھا، ہاتھوں کی انگلیاں بار بار بھینچ رہا تھا اورگو مجھے بلڈ پریشر نہیں لیکن جب میری بیوی نے اپنی مشین سے میرا بلڈ پریشر چیک کیا تو وہ 180 پر تھا۔ ٹھنڈا پانی پینے اور باہر ٹھنڈی ہوا میں گہرے سانس لینے کے باوجود میرا غصہ میری بے بسی کے ساتھ مل کر مجھے تباہ و برباد کرنے پر تلا ہوا تھا۔ پھر قدرت کی مہربانی کہہ لیں یا ایک واقعہ کی یاد جس پر میں ہنس پڑا اور تھوڑی ہی دیر میں نارمل ہو گیا گو دل بدستور خون کے آنسو روتا رہا جو اب اُس کی عادت بن چکی ہے۔
واقعہ یوں ہے کہ جنرل یحیی کے مارشل لا میں مجھے اور امان اللہ خان کو صحافیوں کی ایک جلوس میں وزیر اطلاعات شیر علی خان کے خلاف اور دیگر قابل اعتراض نعرے لگانے کے الزام میں مارشل لا کے ضابطہ ساٹھ اور سولہ اے کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔ جب دو ماہ بعد ہمارے خلاف سرسری سماعت کی فوجی عدالت نے کارروائی شروع کی تو میں نے شرارت سے دفاعی گواہوں میں اُن تین صحافی دوستوں کے نام لکھوا دئیے جو جیل میں ہماری ملاقات کے لیے نہیں آئے تھے۔ یہ ایک طرح سے محبت بھرااحتجاج تھا۔ اُن تین میں ہمارے سینئر صحافی اور لیڈر جناب حسین نقی بھی شامل تھے۔ جب وہ فوجی عدالت میں پیش ہوئے تو میں نے انہیں کان میں کہا کہ جیل ملنے آ جاتے تو یہاں آنے کی زحمت نہ دیتا۔ اس پر وہ زیر لب مسکرائے تو میں پنجابی میں کہا کہ ’’دیکھیاں نقی صاحب، ساڈیاں پاوراں‘‘ اور وہ زور سے ہنس دئیے۔ سلیوٹ ٹو یو نقی صاحب، You are still an inspiration for us and will remain so
ہمراز احسن













