پاکستان بھر میں آقائے دو جہاں، رحمت للعالمین، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ﷺ کا یوم ولادت آج بروز اتوار 9 اکتوبر کو مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں اسلام کی سربلندی اور ترویج اور مسلم اُمہ کے اتحاد، یکجہتی، ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
اہم دن کی مناسب سے سرکاری عمارتوں، مساجد، گھروں، سڑکوں اور چوراہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، خوبصورت لائٹنگ نے ہر طرف پُرنور ماحول پیدا کردیا ہے۔
کراچی، لاہور، ملتان سمیت مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی جس میں ہزاروں عاشقان رسول شریک ہیں۔
کراچی کا مرکزی جلوس دوپہر تین بجے نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوا اور نشترپارک پر اختتام پذیر ہوا، پولیس اوررینجرزجلوس کی سیکیورٹی کے فرائض انجام رے رہے ہیں۔
جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے لاہور ریلوے اسٹیشن سے روایتی جلوس نکالا گیا جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی، نوجوانوں کے درمیان باکسنگ اور جوڈو کراٹے کے مقابلے بھی ہوئے۔
ملک کے دیگر شہروں میں بھی میلاد کی محافل اور سیرت النبی ﷺ کانفرنسز منعقد کی جارہی ہیں جس میں علمائے کرام سیرت نبوی کو اجاگر کررہے ہیں۔
تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہات میں عید میلاد النبی کے جلوسوں اور مساجد میں محا فل میلاد کی سیکورٹی کے لئے خصوصی انتظامات اور ٹریفک پلانز جاری کئے گئے ہیں۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر وزارت مذہبی امور نے دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبیؐ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ہے جس کا موضوع “معاشرے کی اخلاقیات کی اصلاح اور تربیت سیرت طیبہ کی روشنی میں “ رکھا گیا ہے۔













