چونکہ ہمارے یہاں ایک عرصہ ہوا کہ امت نے حضور ﷺ کے اسوہ حسنہ کوپڑھنا اور اس پر عمل کرناچھوڑ دیا ہے کیونکہ ان کو نانیاں اور دادیاں سکھاتی تھیں کہ بیٹے تم بھی بڑے ہوکر حضور ﷺ کے نقشِ قدم چلنا۔ا ور بقول حضرت امام زین العابدین (ع) ہم لوگ اسوہ حسنہ کو اس طرح پڑھا کرتے تھے جیسے کہ قرآن شریف کو لوگ روزانہ پڑھتے ہیں۔ لہذا جن کو اللہ سبحانہ تعالیٰ نے اُمت کے لیئے نمونہ بتایا تھا ان کے نقش قدم کو ڈھونڈ کر عمل کرتے تھے۔ ایک بڑا مشہور واقعہ ہے کہ حضرت معاذ بن جبل ؓ کو یمن پر عامل بنا کر حضور ﷺ نے بھیجا تو وہاں کوئی شخص ایک پھل لیکر آیا جوکہ تربوز کی شکل کا تھا۔ انہوں ؓنے اسے تناول نہیں فرمایا نہ حاضرین میں تقسیم کیا جو کہ حضور ﷺ کی سنت تھی۔ تو اس کے دل میں تشویش پیدا ہوئی کہ شاید وہ مجھ سے ناراض ہیں جو میرا تحفہ قبول نہیں فرمایا؟ اس نے وجہ پوچھی تو انہوں ؓ نے فرما یا کہ میں نے اس پھل کو حضور ﷺ کو تناول فرماتے یا نوش جان فرماتے کبھی نہیں دیکھا میں نے اس کو اس انتظارمیں اٹھا کر رکھدیا کےکہ کوئی صحابی ؓ ملے تو میں پوچھوں کہ اس کو حضور ﷺ کس طرح تناول فرمایا کرتے تھے۔
کہاں تو صحابہ کرامؓ کااس حد تک اہتمام فرمانا اور کہاں ہم؟کہ اب زیادہ تر لوگ ان کے اسوہ حسنہ ﷺ سے ہی نابلد ہیں۔ اس میں نئی نسل کے والدین کو بھی بڑا دخل ہے کہ وہ بچے کی ابتدائی مذہبی تعلیم کے لیئے مسجد کے مولوی صاحب کی خدمات حاصل کرتے ہیں بجا ئے اس کے کسی اسلامی اسکالر کو تلاش کریں اس کا نتیجہ وہی ہے جو ہونا چا ہیئے تھا؟ جبکہ ان بیچاروں کی بھی غلطی نہیں ہے کہ وہ ہر مولوی کے ساتھ مفتی لگا دیکھ کر مرعوب ہوجاتے ہیں؟ کیونکہ پہلے مفتی چالیس پچاس برس کی عمر میں جا کر ہو ا کرتا تھا۔ اس لیئے کہ پہلے بارہ سال میں طالب علم فاضل ہوتا تھا پھر کہیں جاکر کافی عرصہ کا تجربہ حاصل کرنے کے بعدہم عصر علماء کے ایک اجلاس میں اس کو فتویٰ دینے کی اجازت ملتی تھی تب کہیں جاکر وہ مفتی کہلاتا تھا اُس وقت دنیا میں مفتیوں کی تعداد اتنی کم ہوتی تھی کہ آپ انگلیوں پر شمار کر سکتے تھے؟۔ پھر اس کے بعد ہوا یہ کہ سعودی عربیہ والوں کو اپنا دین پھیلانے کے لیئے علما ء کی بڑی تعداد میں ضرورت پڑ گئی تو انہوں نے مفتی نام کا ایک تین سالہ کورس اپنے یہاں شروع کردیا اور مفتی تین سال میں تیار ہونے لگے۔ ان کی دیکھا دیکھی جو ان سے متعلق دنیا میں دوسرے دار العلوم تھے انہوں نے بھی مفتی کاکورس تین سال کا کر دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اب علم کا وہ معیار قائم نہیں رہ سکا جو کہ پہلے کبھی علماء میں عام طور پرہوا کرتا تھا۔ کونکہ تین سال کے مختصر عر صہ میں پورا علم اگرگھول کر بھی پلایا جا ئے تب بھی یہ ممکن نہیں ہے کیونکہ علمِ دین بہت وسیع ہے کوئی درسگاہ کتنی ہی مشہور کیوں نہ ہو وہ اتنے کم عرصے میں پورا کورس نہیں کیا پڑھا سکے گی؟ جبکہ کچھ داروں میں انگریزی بھی اب ساتھ پڑھائی جاتی ہے۔ ایسے میں حضور ﷺ کی سیرت پڑھنے اور پڑھانے کے لئیے لوگ وقت کہاں سے لا ئیں گے؟ جبکہ تمام پرانے علماء اس پر مصر تھے کہ اللہ تعالیٰ کہ یہاں ایسی کوئی عبادت قابل ِ قبول نہیں ہے۔ جو کہ ہو بہو ویسی ہی نہ ہو جیسا کہ حضور ﷺ نے عمل کر کے دکھایا ہے۔ اس میں بچوں بیچاروں کا بھی قصور کیا ہے کہ جبکہ والدین انگریزی پڑھانے کے لیئے بہترین ترین ادارے منتخب کرتے ہیں اور گھر پر بھی ایک سے ایک بہترٹیوٹر لگا دیتے ہیں ،مگر مذہبی تعلیم کے لیئے وہ اتنااہتمام نہیں کرتے؟ اس کا احساس ہمیں چند دن پہلے ہوا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی جناب اسد عمر کو ایک ٹی وی پرو گرام میں نے یہ کہتے ہوئے سنا کہ ہم نے مدینہ کی ریاست بنا نے کے لیے کئی اقدامات کیئے ہیں، جیسے کہ شیلٹر رہائش کے لیے اور مفت کھانا فراہم کرنے کے لیئے ہم نے متعدد لنگر خانے کھول دیئے ہیں اور عمران خان ملک کو ایسا بنانا چاہتے ہیں جہاں کوئی بھوکا نہ سوئے۔ چونکہ اس فقیر کویہ شرف حاصل ہے کہ بندہ سیرت نگار ِ رسول پاک ﷺ بھی ہے۔ اور خلفائے راشدین کا سیرت نگا ر بھی ہے۔ میں نے مدینے منورہ کی ریاست کے کسی بھی دور میں نہ لنگر خانہ پڑھا نہ شیلٹر ہوم۔ تب جنہوں نے لنگر اور شیلٹر ہوم کا رشتہ مدینہ کی ریاست سے منسوب کیا ان کے دقیق علم پر میرا بے تحاشہ داد دینے کو جی چاہا؟ مدینے کی ریاست میں ان دو چیزوں کا کبھی وجود ہی نہیں رہا۔ جب لوگ ہجرت کرکے مدینہ منورہ تشریف لا رہے تھے تو حضور ﷺ نے انصار اور مہاجروں کے درمیان مواخاۃ قائم فرمادی ،مگر لنگر خانہ نہیں کھولا۔ اصحاب ِ سفہ جو کہ پہلے اسلامی دارالعلوم یا یونیورسٹی کے طالب تھے، وہ گھر، گھر آج کی طرح کھانا مانگنے نہیں جایا کرتے تھے۔لوگ خود مسجد میں پہنچا نے آ یا کرتے تھے یا اپنے گھروں پر انہیں مدعو فرماتے تھے۔ یہ لنگر خانے کہاں سے آئے مجھے پتا نہیں۔ کیونکہ اسلام احترام ِ آدمیت سکھاتا ہے فوٹو سیشن یا کسی کی اپنی نیکی کو جتانے کے بعداس نیکی کااجر ہی ضائع ہوجاتا ہے؟ میں نے کچھ ایسا ہی پڑھا ہے۔ اس میں حضرت ابو بکر ؓ کا طریقہ کاریہ تھا کہ وہ حاجت مند کو جوکچھ پیش کرتے بہت ہی ادب کے ساتھ پیش کرتے تھے اور دوسروں کو بھی یہ ہی تلقین فرماتے تھے کہ تم یہ اللہ کو پیش کر رہے ہو ادب سے پیش کیاکرو؟۔ حضرت امام حسن(ع)رماتے ہیں کہ تم حاجتمند وں کا شکریہ ادا کیا کرو کہ اس نے تمہیں نیکی کمانے کا موقعہ دیا۔ جبکہ حلوائی دکان پر نانا جی کی فاتحہ کا رواج آج کل عام ہو تا جا رہا ہے کہ حرام یا حلال کی کسی کو کو ئی پرواہ نہیں ہے اکثر اسی سے خارخیر انجام دیئے جارہے ہیں، لنگر وغیرہ سب چل رہے ہیں ۔ جبکہ حضور ﷺ نے بد ترین کام بلا ضرورت بھیک مانگنا قرار دیا ہے۔ اگر کوئی مسافر مدینہ منورہ میں آتا تو حضورﷺ اعلان کروادیتے اور اس طرح کسی گھر سے کھانے کا انتظام ہو جاتا۔ کیونکہ رازق صرف اللہ سبحانہ تعالیٰ ہے۔ صرف اسی کو زیب دیتا ہے یہ فرمانا کہ میں ہر جاندار کو رزق پہنچا تا ہوں چاہئیں وہ پتھر کے اندر ہی کیوں نہ ہو کیونکہ وہ رب ہے، علیم،خبر بھی ہے اور قادرِ مطلق بھی ہے۔ لہذا نہ یہ کسی کے بس کی بات ہے اور نہ کسی کو ایسا دعویٰ کرنا زیب دیتا ہے کہ میں ہر بھوکے کو کھانا فراہم کرونگا۔ یعنی یہ چھوٹا منہ اور بڑی بات کے مترادف ہے۔ اس دعوے کے بعد، بات شرک خفی سے بڑ ھ کر شرک جلی تک پہنچ جاتی ہے۔ اللہ ہم سب کو اس سے محفوظ رکھے (آمین)













