پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر ہونے والے حملے کی براہ راست کوریج کو غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے 22 چینلز کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا۔

پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ‘پیمرا قوانین اور الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کراچی میں چینی قونصل خانے پر ہونے والے حملے کی غیرذمہ دارانہ میراتھن کوریج کرنے پر 22 ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کرکے 30 نومبر تک جوب دہی کا حکم دیا ہے’۔

اعلامیے کے مطابق ‘ٹی وی چینلز کا یہ اقدام پیمرا آرڈیننس اور الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 کی خلاف ورزی ہے اور متعدد بار اس حوالے سے ٹی وی چینلز کو ہدایات بھی جاری کی ہیں’۔

چینلز کی کوریج کی وضاحت کرتے ہوئے پیمرا کا کہنا ہے کہ ‘اس طرح کی نامناسب کوریج سے نہ صرف ناظرین ذہنی اور نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں بلکہ معاشرے میں خوف کی کیفیت کو بڑھانے کا بھی باعث بنتے ہیں’۔

پیمرا کا کہنا ہے کہ ‘عالمی میڈیا ایسے مواقع پر کوشش کرتا ہے کہ کوئی ایسا مواد نشر نہ ہو جو معاشرے میں خوف پھیلانے کا باعث بنے’۔

نوٹس جاری ہونے والے تمام 22 چینلز کو واضح کیا گیا ہے کہ مقرررہ وقت میں جواب داخل نہ کرنے اور ذاتی شنوائی نہ ہونے کی صورت میں یک طرفہ کارروائی کی جائے گی۔

پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں چینلوں کے فہرست جاری نہیں کی گئی تاہم 22 چینلز کی تعداد بتائی گئی ہے۔

قبل ازیں کراچی کے علاقے کلفٹن میں قائم چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 نامعلوم افراد جاں بحق ہوگئے اور کارروائی کے دوران ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا تھا۔

پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تینوں حملہ آوروں کو بھی مارا گیا تھا۔

ڈی آئی جی جنوبی جاوید عالم اوڈھو نے چینی قونصل خانے کے قریب فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور نجی کمپنی کا ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا۔

چین نے فوری طور پر قونصل خانے پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے درخواست کی کہ چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ دہشت گردی کے حملے میں چینی قونصل خانے کا تمام عملہ اور ان کے خاندان مکمل طور پر محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا کہ ’سفارتی ایجنسی کے خلاف دہشت گرد حملے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں اور پاکستان سے درخواست کرتے ہیں کہ ملک میں چینی شہریوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے‘۔

چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ حملے کے خلاف بروقت کارروائی پر پاکستانی فوج اور پولیس کی تعریف کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ حملے میں دو پاکستانی پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ پاکستان اپنے ملک میں موجود چینی اداروں اور حکام کی حفاظت یقینی بنائے گا۔

سفارتخانے نے یہ بھی واضح کیا کہ پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔

SHARE

LEAVE A REPLY