فاروق ستار نے اگلے ہفتےکے ایم سی آفس کے سامنے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی دشمنی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑدیے گئے، کراچی میں جائز املاک کو نقصان پہنچایا گیا، غلط اقدام کی وجہ سے عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں دیا گیا۔
کراچی کے علاقے پی آئی بی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تجاوزات کی آڑ میں قانونی دکانوں اور مکانات کو بھی توڑا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاص مقصد کے تحت شہر کو تباہ کیا جارہا، عوام اور تاجروں کو مختصر نوٹس کے تحت گھروں اور دکانوں کو خالی کرانے کا کہا جارہا ہے۔
فاروق ستار نے تحریک انصاف کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جماعت اسلامی کو تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے خلاف مظاہرے پر شاباش بھی دی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے عہدے دار اور ایم پی ایز میرے ساتھ کھڑے ہیں، ہم تمام تجاوزات کے خلاف ہیں جس سے لوگوں کو پریشانی ہو،غیر قانونی کی آڑ میں قانونی دکانوں کو بھی توڑا جارہا ہے۔












