مسلم لیگ ن کی ترجمان اور مرکزی رہنما مریم اورنگزیب نے گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے پر عمران خان کو ہدف تنقید بنایا۔
انہوں نے کہا ہے کہ گورنر ہائوس کی دیواریں توڑنے سےڈالر، بجلی ، گیس اور روٹی کی ویلیو کم (سستی) نہیں ہوگی۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کنٹینر پر تھے تو پارلیمنٹ اور پی ٹی وی کی دیواریں توڑی تھیں، عادت سے مجبور خان صاحب کا اب گورنر ہاؤس پنجاب پر حملہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو وزیراعظم کٹوں، مرغیوں، انڈوں سے ملک چلائیں ان کو تاریخ، ثقافت، قومی ورثہ کی اہمیت کا کیا پتا؟
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران صاحب گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑ کر اپنے آپ کو بیوقوف بنا رہے ہیں، عوام ان کے ڈرامے سمجھ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب کو سمجھنا ہوگا کہ گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑنے سے بجلی،گیس،روٹی،نان اور آٹا سستا ہوگا اور نہ ہی ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بن جائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ عمران صاحب گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑنے سے ڈالر میں کمی نہیں ہوگی اور نہ ہی غیرملکی قرضوں میں کمی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی دیواریں توڑ کرعلیمہ باجی کے ذریعے آپ کی منی لانڈرنگ چھپ نہیں سکتی۔
ن لیگی ترجمان نے استفسار کیا کہ عمران صاحب بنی گالہ کے گھر کی دیواریں کب توڑیں گے جو غیر قانونی ہے۔











