لاہور میں نماز جمعہ کے دوران مساجد میں ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے پولیس کے 3 ہزار سے زائد افسران اور جوان تعینات کیے گئے۔
رمضان المبارک کے پہلے جمعۃ المبارک کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے، پنجاب کے دارلحکومت کی 5 ہزار سے زائد مساجد کو حساسیت کے لحاظ سے 3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا۔
اس موقع پر نمازیوں سے 20 نکاتی ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے خصوصی اقدامات نظر آئے۔
پولیس اور مساجد انتظامیہ کی مشاورت سے نمازیوں کے درمیان مناسب فاصلے کو یقینی بنایا گیا۔
لاہور کی مساجد میں نمازیوں نے ماسک پہن کر نماز جمعہ ادا کی جبکہ داخلے سے پہلے ہر نمازی کے ہاتھ سینیٹائزر سے صاف کرائے گئے اور ان کا درجہ حرارت بھی چیک کیا جاتا رہا۔












