جس کی نوکری 3 سال کی ہو اسے قوم کے فیصلے کرنے کا حق نہیں پہنچتا

0
694

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جس کی نوکری 3 سال کی ہو اسے قوم کے فیصلے کرنے کا حق نہیں پہنچتا۔

حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب میں آصف زرداری نے کہا کہ قوم کے فیصلے کرنےکا حق صرف پارلیمنٹ کو ہے، 9 لاکھ کیس عدالتوں میں پھنسے ہوئے ہیں ،آپ وہ کام کریں،آپ کا کوئی مستقبل نہیں، چیزوں کے مستقبل کے بارے میں کیوں فیصلہ کرتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں گونگے بہرے لوگ کہتے ہیں 100 دن کم ہیں،انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے پہلے 100 دن میں مشرف کی چھٹی کی ،سوات میں امن لے کر آئے ہیں۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ انہیں کرکٹ نہیں سیاست آتی ہے ،سیاست وہ ہوتی ہے کہ پرویز مشرف گھر پہنچ کر کہتا ہے کہ ’پتہ نہیں کیا ہوا‘، وہ مشرف کی موت نہیں زندگی چاہتے ہیں تاکہ دیکھے کہ جس لہر کو وہ روکنا چاہتا تھا وہ آج بھی زندہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اِن سے کوئی کام نہیں ہوتا سوائے انڈے مرغی کے، ان میں عقل نہیں تو انہیں آپ کیوں لے آئے؟یہ روز روز پاکستان سے مذاق کرنا چھوڑ دیں، ہمیں چانس دیں تو ہم یہاں انڈسٹری لگائیں گے اور باہر سے پیسوں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ بہتر تھا کہ شفاف انتخابات ہونے دیتے سیاسی جماعتیں لڑ جھگڑ کر اتفاق رائے سے حکومت بناتیں،’ ایوولوشن‘ میں پروگریس ہے، ہمیشہ یہی سمجھاتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی سندھو دریا کا پانی پیتے ہیں، اس پاکستان کو ہم نے سنبھالنا ہے،بھارت اور افغانستان ڈیم بنا رہے ہیں، ہمیں اپنے ملک کا خیال خود رکھنا ہے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ اگر ہمارے اپنے بزنس مین خوش نہیں تو باہر سے کون یہاں پیسا لگائے گا، غریب کے حق پر ڈاکا ڈلے تو دکھ ہوتا ہے، میرے حق پر ڈاکا ڈالنے کی کسی میں ہمت ہی نہیں ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY