وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کو ووٹ دینے والے خاص طبقے کی جائیدادیں گرائی گئیں۔
کراچی میں جاری انسداد تجاوزات مہم پر سخت ردعمل دیتے ہوئے فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا کہ تجاوازت کے خلاف آپریشن کی آڑ میں قانونی چیزیں گرائی جا رہی ہیں اور پیسوں کی لین دین ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جائیدادیں گراکرنئے پاکستان کو ووٹ دینے کی سزا دی گئی ہے،یہ بدمعاشی اور ڈرامہ بازی نہیں چلنے دیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایسا نہ ہو کہ انہیں پھربلڈوزر کرائے پر لینے پڑیں اور وہ وہاں بلڈوزر لے کر چلے جائیں تو تکلیف ہو کہ وہ جیمز بانڈاور سپر مین بن گئے ہیں۔
فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ آپریشن کی آڑمیں جو ہورہا ہے وہ قبول نہیں،بدمعاشی اور غنڈا گردی ہر فورم پر روکیں گے، جس طرف کراچی کے ٹھیکیدار اور مائی باپ بنے ہوئے تھے وہاں اب تک کوئی چیز نہیں گری۔












