کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کےلیے ٹیم کے انتخاب پرکپتان سرفراز احمد اورکوچ مکی آرتھر میں ٹھن گئی۔
ذرائع کے مطابق کپتان نے اسد شفیق کو ڈراپ کرنے سے انکار کردیا، کوچ دوسرے ٹیسٹ میں محمد رضوان کو کھلانے کے خواہش مند ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان سرفرازاحمد کو سینئرکھلاڑیوں کی مکمل حمایت حاصل ہے جبکہ کوچ مکی آرتھراظہرعلی اور اسد شفیق سے دوبارہ بات کرنے پر ہچکچاہٹ کا شکارہیں۔
سینچورین ٹیسٹ میں پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ٹیسٹ کے دوران کوچ مکی آرتھر نے ڈریسنگ روم میں کپتان سرفراز سمیت دیگر سینئر کھلاڑیوں کو خوب سنائی تھیں اور کمرے میں موجود چیزوں کو بھی اٹھاکر پھینکا تھا۔
بعدا زاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ملاقات کرکے کوچ اور کپتان کے درمیان گلے شکوے دور کرادیئے تھے۔
ملاقات میں سینچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی 6 وکٹوں سے شکست اور سنیئر کرکٹرز کی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ جھڑپ کے بعد چیئرمین احسان مانی نے کپتان سرفراز احمد کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے انہیں اپنی کارکردگی میں بہتر لانے کی تلقین کی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے اعتراف کیا تھا کہ پاکستانی ڈریسنگ روم میں پہلے جیسی رونق دکھائی نہیں دے رہی، اس وقت ماحول آئیڈئل نہیں، جہاں کھلاڑی خوش اور ہنسی مذاق کرتے دکھائی دیتے تھے۔












