بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی کی بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز شروع ہونے سے قبل ایک ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پوسٹ تیزی سے وائرل ہو گئی۔
ویرات کوہلی نے ون ڈے سیریز کھیلنے کیلئے آسٹریلیا پہنچنے کے بعد جمعرات کو ایکس پر ایک پیغام پوسٹ کیا جس میں لکھا کہ “تم حقیقت میں تب ناکام ہوتے ہو، جب تم ہار ماننے کا فیصلہ کر لیتے ہو۔”
ویرات کوہلی کی یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب ان کے بین الاقوامی کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے چہ مگوئیاں جاری ہیں۔
36 سالہ کوہلی نے گزشتہ سال جون میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی اور پھر رواں سال انہوں نے اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے بھی علیحدگی اختیار کر لی۔
ان دنوں بھارت میں ویرات کوہلی اور روہت شرما کے مستقبل پر مسلسل بحث جاری ہے۔
دونوں کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے تو منتخب کیا گیا ہے تاہم، روہت کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا جبکہ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر دونوں نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ آیا کوہلی اور روہت 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے منصوبے کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔
ایسی صورتحال میں کوہلی کی ایکس پوسٹ دیکھ کر شائقین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
صارفین کی جانب سے کہا گیا کہ اس پوسٹ کے بعد کوہلی کی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کی تمام افواہیں دم توڑ گئیں۔
البتہ، پوسٹ شیئر کرنے کے کچھ گھنٹے بعد یہ بات سامنے آئی کہ وہ دراصل ایک اشتہاری پوسٹ تھی۔












