جنوبی افریقہ کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر، ٹیسٹ اور ون ڈے میں 25، 25 سینچریاں بنانے والے پانچ کھلاڑیوں میں سے ایک ہاشم آملہ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
سابق جنوبی افریقی کپتان نے رواں صدی کے آغاز میں اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز جنوبی افریقہ سے کیا جب کہ 23 سال کے بعد اس کا اختتام انہوں نے انگلش کاؤنٹی سرے کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا۔
سن 2004 سے 2019 تک جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے ہاشم آملہ نے مجموعی طور پر 124 ٹیسٹ میچز، 181 ون ڈے انٹرنیشنل اور 44 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کے ساتھ ساتھ 265 فرسٹ کلاس، 247 لسٹ اے اور 164 ٹی ٹوئنٹی میچز میں مختلف ٹیموں کی نمائندگی کی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں نو ہزار اور ون ڈے انٹرنیشنل کریئر میں آٹھ ہزار سے زائد رنز بنانے والے بلے باز کے فرسٹ کلاس میں مجموعی رنز کی تعداد 19521 ہے ۔ انہوں نے اپنے لسٹ اے کریئر کے دوران 10 ہزار سے زائد اور ٹی ٹوئنٹی کریئر میں ساڑھے چار ہزار کے لگ بھگ رنز اسکور کیے۔
ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان ان کی کاؤنٹی سرے نے سوشل میڈیا پر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا جب کہ ہاشم آملہ نے بھی کھیل کو خیرباد کہتے ہوئے اوول گراؤنڈ کے ساتھ جڑی یادوں کو انمول قرار دیا۔












