سانحہ ساہیوال: شہباز شریف نے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا

0
893

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی کی نگرانی کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ساہیوال میں انتہائی دلخراش واقعہ رونما ہوا۔ لاہور سے ایک خاندان شادی میں شرکت کیلئے بورے والا جا رہا تھا جنھیں راستے میں اندھا دھند گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ کے بعد حکومت نے کئی پینترے بدلے۔ پہلے کہا گیا کہ مرنے والے دہشتگرد تھے، پھر کہا گیا کہ گاڑی کے شیشے کالے تھے لیکن جس طرح سے نہتے لوگوں پر ظلم کا پہاڑ توڑا گیا اسے پوری دنیا نے دیکھا۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جس طرح سابق حکومت میں ماڈل ٹاؤن اور قصور واقعے پر عمران خان نے سیاست چمکائی، ہم اس طرح اس واقعے پر سیاست نہیں کرنا چاہتے تاہم جس طریقے سے ظلم اور زیادتی کی گئی شاید ہی اس کی کوئی مثال ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے پر ہر آنکھ اشکبار تھی لیکن وزیراعظم عمران خان نے چوبیس گھنٹے بعد صرف ایک ٹویٹ کی۔ شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم کو سانحہ ساہیوال پر عوام کو جواب دینا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ ہم دھرنا نہیں دیں گے لیکن اصل حقائق سامنے آنے تک ان کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY