وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پی سی بی کے ساتھ شہر میں کرکٹ ایونٹ بشمول پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کے حوالے سے بھرپور تعاون کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بات جمعرات کو سندھ اسمبلی بلڈنگ چیمبر میں پی سی بی سیکورٹی کنسلٹنٹ کرنل آصف کے ساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ اُن کی کاوشیں ہیں جن کی بدولت کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آرہی ہے اور ہم اسے شہر میں مزید فروغ دیں گے۔
کرنل آصف نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ویسٹ انڈیز وومن کرکٹ ٹیم 30 جنوری کو کراچی آرہی ہے اور وہ یہاں چند میچز کھیلے گی۔ ان کے میچوں کے بعد پی ایس ایل کے میچز ہوں گے۔
اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ پہلے ہی متعدد اجلاس منعقد کرچکے ہیں تاکہ بین الاقوامی ٹیموں کو ضروری سیکورٹی فراہم کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز پہلے ہی ایک جامع سیکورٹی پلان بناچکی ہے۔
قبل ازیں سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر نے سیکورٹی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ویسٹ انڈیز وومن کرکٹ ٹیم کے ٹور اور پی ایس ایل 2019 کے لیے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر آپریشن ذاکر خان اور ڈائریکٹر سیکورٹی نے اجلاس کو دونوں ایونٹس کے حوالے سے پی سی بی کے پلان سے آگاہ کیا۔
پولیس اور رینجرز کی جانب سے پیش کیے گئے سیکورٹی پلان کی اجلاس میں منظوری دی گئی ۔
اس بات کا فیصلہ کیاگیا کہ پولیس، اسپیشل برانچ، اسپیشل سیکورٹی یونٹ رینجرز آرمی کی کمانڈو بٹالین کے ذریعے فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹرز دستیاب ہوں گے۔تمام روٹس مثلاً اسٹیڈیم ، ہوٹلز کی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے سرچ کی جائے گی۔ایئر پورٹ ، اسٹیڈیم اور ہوٹلز میں میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔











