وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے وکیل سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ علیمہ خان نے پاکستان میں اپنی اور اپنے شوہر کی وراثتی جائیداد بیچ کر بیرون ملک اثاثے خریدے۔
علیمہ خان کے اثاثوں سے متعلق ان کے وکیل سلمان اکرم راجا نے بیان دیا ہے جس میں مزید کہا ہے کہ یہ پیسہ پاکستان سے بینکوں کے ذریعے بیرون ملک بھیجا گیا، بیرون ملک اثاثوں کی خریدمیں ٹیکسٹائل بزنس سے ہونے والا منافع بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ علیمہ خان ٹیکسٹائل مصنوعات کی کمپنی میں 50 فیصد کی حصہ دار ہیں، وہ کمپنی کی تیار کردہ مصنوعات بیرون ملک فروخت کرتی تھیں، کمپنی کی بیرون ملک کمائی قانون کےتحت باہر رکھی اور اثاثوں کی خرید میں استعمال کی۔
سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ کاروبار میں کمائے گئے فنڈز بھی بینکوں کے ذریعے منتقل کئے گئے،بیرون ملک جائیداد گروی رکھ کر بینکوں سے لیا گیا قرضہ بھی اثاثوں کی خرید میں لگایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خان اور ان کے شوہر کی ان جائیدادوں میں ایکویٹی سوا 7کروڑ روپے سے زیادہ نہیں، جن ذرائع سے بیرون ملک اثاثے خریدے وہ استعمال سرمایے کے مطابق ہیں۔
علیمہ خان کے وکیل نے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ علیمہ خان کے ذرائع آمدن اور اثاثوں کا کسی خیراتی کام سے کوئی تعلق نہیں ہے، ان کے ذرائع آمدن اور اثاثے خیراتی کاموں سے جوڑنا افواہیں ہیں۔












