اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی نااہلی کے لئے درخواست پر اعتراضات ختم کر کے سماعت کے لئے مقرر کر دی۔ تحریک انصاف نے آصف زرداری کی نااہلی کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف زرداری کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی درخواست عدالت لے کر کیوں آتے ہیں ؟ درخواست کا متعلقہ فورم الیکشن کمیشن ہے ، عدالت میں متعدد کیسز زیر التوا ہیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ وقت پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کا ہے، پارلیمنٹ کو اس معاملے پر کمیٹی بنا دینی چاہیئے، سیاسی معاملات کو سیاسی فورم پر حل کیا جانا چاہیئے، جو لوگ جیل میں ہیں ان کو ترجیح کی بنیاد پر سننا ہے، آپ کو مطمئن کرنا ہوگا کیس پبلک انٹرسٹ کا بنتا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج تاریخ رقم ہونے کا آغاز ہو رہا ہے، آصف زرداری کیخلاف کیس میں عدالت کے اعتراضات دور ہوگئے، انہوں نے الیکشن کمیشن میں تفصیل ظاہر نہ کر کے قوم کو دھوکا دیا، سیاست سے جھوٹ، فریب اور دھوکا دہی کا خاتمہ کرینگے۔













