بلوچستان میں ڈی آئی جی ژوب رینج کے دفتر پر مبینہ طور پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے، واقعے میں 13 افراد زخمی اور 2 دہشت گرد مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ژوب کے علاقے لورالائی میں واقع پولیس ڈی آئی جی آفس کے احاطے پر حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ دفتر کے احاطے سے فائرنگ کی آوازیں بھی بلند ہورہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آج پولیس میں بھرتی کے لیے دفتر میں امیدواروں کے ٹیسٹ اور انٹرویو جاری تھے جس وقت حملہ ہوا۔ حملے میں دو دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی اضافی نفری کو ڈی آئی جی ژوب کے دفتر پر طلب کرلیا گیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے مقابلہ جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ ریسکیو اہلکار بھی جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہورہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی اوراہلکاروں سمیت 15 افراد کوبحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
فی الحال اس حملے سے متعلق مزید تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہیں۔ دہشت گردوں کی تعداد بھی نامعلوم ہے۔












