امریکی سفیر برائے جرمنی نے یورپی یونین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی سے باز رہے۔ جرمن اخبار بلڈ ام زونٹاگ سے بات چیت میں جرمنی کے لیے امریکی سفیر رچرڈ گرینل نے کہا کہ ایران کے ساتھ یورپی تجارت کے لیے یورپی یونین کا متعارف کردہ نظام امریکی پالیسیوں کے عدم تکریم کے زمرے میں آتا ہے۔
اتوار کے روز شائع ہونے والے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور یورپی یونین کے ایران کے حوالے سے اہداف تو ایک ہیں، تاہم ان اہداف کے حصول کے لیے طریقہ ہائے کار میں اختلافات ہیں۔ امریکا ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے طے کردہ جوہری معاہدے سے نکل چکا ہے اور واشنگٹن حکومت ایران کے خلاف ایک بار پھر سخت ترین پابندیاں نافذ کر چکی ہے۔












