سن 1979 ميں ایران میں آنے والے اسلامی انقلاب کے چاليس برس مکمل ہونے پر پير کے دن ملک گير سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقاريب ميں لاکھوں شہریوں نے شرکت کی اور کئی مظاہرین نے امریکی پرچموں کو نظر آتش کیا۔
ملکی فوج نے اس موقع پر تہران میں نئے بیلسٹک میزائل کی نمائش بھی کی۔ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے ليے سکيورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کيے گئے۔ گیارہ فروری سن 1979 کو مذہبی رہنما روح اللہ خمینی کی قیادت میں مذہبی رہنماؤں نے امریکا نواز شاہ محمد رضا پہلوی کی حکومت ختم کر کے اقتدار سنبھال لیا تھا۔












