امریکی حکومت کی ایک خصوصی مذاکراتی ٹیم اگلے ہفتے کے دوران بیجنگ پہنچ کر چینی حکام کے ساتھ تجارتی تنازعاتی معاملات پر بات چیت کرے گی۔ امریکی مذاکراتی ٹیم کی آمد کا تصدیقی بیان چینی حکومت نے جاری کیا ہے۔ اس بیان کے مطابق امریکی ٹیم کی قیادت تجارتی امور کے نائب حکومتی نمائندے جیفری گیرش کریں گے۔ بات چیت کا یہ عمل ارجنٹائن کے دارالحکومت میں منعقدہ جی ٹوئنٹی سمٹ کے دوران امریکی و چینی صدور کی ملاقات میں طے پانے والے امور کا تسلسل بتایا گیا ہے۔ یہ مذاکرات سات اور آٹھ جنوری کو ہوں گے۔ اس میں کوشش کی جائے گی کہ رواں برس پہلی مارچ سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تناؤ میں کمی لائی جا سکے۔












