افغانستان کے سیاسی اکابرین اور قبائلی عمائدین کا اجلاس اگلے ماہ طلب کر لیا گیا ہے۔ اس اجلاس کو لویہ جرگا کہا جاتا ہے۔ اس جرگے میں طالبان کے ساتھ امریکی امن مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کو زیر بحث لایا جائے گا۔
لویہ جرگا کا اجلاس طلب کیے جانے کی تفصیلات افغان صدر کے خصوصی مندوب برائے امن محمد عمر داؤد زئی نے ٹیلی وژن پر ایک خطاب کے دوران بتائیں۔ اس اجلاس میں ایک ایسا فریم ورک تشکیل دینے کی کوشش کی جائے گی جس کے تحت کابل حکومت بھی افغان طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل شروع کر سکے۔ طالبان اب تک کابل حکومت کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر رضامند نہیں ہیں۔












