
امریکہ میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے ) نے ملک بھر میں فلائٹ آپریشنز تقریباً پانچ گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد جمعے کی شب اس کی بحالی کا اعلان کر دیا۔ حکام نے اس کی وجہ فضائی ٹریفک کنٹرول نظام میں شامل کی جانے والی ’نئی ٹیکنالوجی‘ بتائی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ فضائی ٹریفک کنٹرول نظام میں شامل کی جانے والی نئی ٹیکنالوجی نے پرانے نظاموں پر ضرورت سے زیادہ بوجھ ڈال دیا، جس کے باعث مواصلاتی نظام اور ریڈار میں ’وقفے وقفے سے‘ تعطل پیدا ہوا۔
اس کے نتیجے میں گذشتہ 25 برسوں کے دوران ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روکنے کا طویل ترین حکم جاری کیا گیا۔
یہ پابندی جمعے کی رات تقریباً پانچ گھنٹے بعد ختم کی گئی۔ اس دوران امریکہ کے بیشتر ایئرپورٹس سے پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت نہیں تھی۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق ملک میں تمام پروازیں ’غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات‘ کی بنا پر عارضی طور پر روکی گئیں، جسے گراؤنڈ سٹاپ کہا جاتا ہے۔
اس اقدام سے سے وسیع و عریض ملک بھر میں سفر کے شعبے میں افراتفری پھیل گئی اور ملک بھر میں تمام پروازیں روکے جانے کے باعث سینکڑوں پروازوں کا رخ موڑنا پڑا۔
فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق گراؤنڈ سٹاپ کے دوران آٹھ ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔
ہوا بازی کے تجزیہ کاروں نے کہا کہ ملک گیر بندش کئی دنوں تک ایئر لائنز کے شیڈول کو درہم برہم کر سکتی ہے۔
ایف اے اے کے مطابق ادارے کی جانب سے مواصلاتی مسائل کے باعث عائد ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ اٹھائے جانے کے بعد طیاروں کی روانگی دوبارہ شروع ہو سکتی ہے، تاہم مسافروں کو پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ ملک گیر گراؤنڈ سٹاپ جنوری 2023 کے بعد پہلا ہے، جب ایف اے اے کے ایک اہم کمپیوٹر سسٹم میں خلل پیدا ہوا تھا اور 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد یہ دوسرا موقع تھا۔












