شورش زدہ افریقی ملک صومالیہ میں سرگرم جہادی گروپ الشباب کے جنگجوؤں کے موغادیشو میں ایک عمارت پر کیے گئے حملے میں پندرہ افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین اور صومالی سینیٹ کے ایک رکن نے بتایا کہ اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک نائب وزیر اور ایک اعلیٰ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ نائب وزیر کا نام سقر ابراہیم عبداللہ بتایا گیا ہے۔ الشباب کے شدت پسندوں نے اس رہائشی عمارت پر پہلے دو بم حملے کیے اور پھر فائرنگ شروع کر دی۔
موغادیشو میں سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ چند گھنٹے بعد یہ کارروائی اس وقت ختم ہو گئی جب چاروں حملہ آور ہلاک کر دیے گئے۔












