بھارتی اپوزيشن جماعت کانگريس نے اسی ماہ ہونے والے انتخابات سے قبل عوام کو ملازمتوں کی فراہمی اور کسانوں کی مدد کا نعرہ لگايا ہے۔
سياسی منشور کے اجراء کے موقع پر کانگريس نے واضح کيا کہ بے روزگاری اس وقت ملک کو درپيش سب سے گھمبير مسئلہ ہے اور ان کی حکومت کی اولين ترجيح ملازمت کے مواقع پيدا کرنا ہو گی۔
کانگريس نے کسانوں کے ليے مدد اور خواتین کے حقوق کے ليے جدوجہد کو بھی اپنے سياسی اہداف ميں شامل کيا ہے۔ يہ بھی کہا گيا ہے کہ ديہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو سالانہ کم از کم ڈيڑھ سو دن ملازمت کی ضمانت دی جائے گی۔












