جرمن وزیر خارجہ جوہان ویڈے فول کا کہنا ہے میری معلومات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ رابطے ہو چکے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان براہ راست ملاقات کی تیاریاں کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نمائندوں کی ملاقات جلد متوقع ہے، دونوں ممالک کے نمائندوں کی ملاقات بظاہرپاکستان میں ہو سکتی ہے۔

سفارتی کوششوں کے باوجود مشرق وسطیٰ میں جنگ اور حملوں کی شدت برقرار

سفارتی کوششوں کے باوجود مشرق وسطیٰ میں جنگ اور حملوں کی شدت برقرار ہے، اسرائیل کی جانب سے تہران پر شدید بمباری کی گئی، قم اور اُرومی شہر میں بھی رہائشی عمارتوں پر حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں کم از کم 13 افراد شہید ہوئے، ملبے میں دبے زخمیوں کی تلاش جاری ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کی جانب سے بھی خطے میں امریکی اڈوں اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

لبنانی سرحدی دیہات میں اسرائیلی فوج کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے، حزب اللہ کا 24 گھنٹوں میں 21 اسرائیلی ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ جبکہ اسرائیل نے ایک اور فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے مزید فوجی سازو سامان لبنان سرحد کی جانب بھیج دیا۔

امریکی صدر کا مشرق وسطیٰ میں مزید 10 ہزار فوجی بھیجنے پرغور

امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ میں مزید 10 ہزار فوجی بھیجنے پر غورکر رہے ہیں، پینٹاگون مزید فوجی بھیجنے کے منصوبے کا جائزہ لے رہا ہے، ممکنہ طور پر دستوں میں انفینٹری اوربکتربند گاڑیاں شامل ہوں گی۔

یو اے ای آبنائے ہرمز کھلوانے کیلئے کثیرالقومی بحری ٹاسک فورس میں شامل ہوگا: برطانوی اخبار

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے کثیرالقومی بحری ٹاسک فورس میں شامل ہوگا، متحدہ عرب امارات نے امریکا اور مغربی اتحادیوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY