افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان حکام اقوامِ متحدہ کی میزبانی میں کابل سے متعلق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت کریں گے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا اتوار کو ایک بیان میں کہنا تھا کہ اسلامی امارات کا وفد دوحہ میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرے گا۔
خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد کا مزید کہنا تھا کہ وفد افغانستان کی ترجمانی کرے گا اور افغان حکومت کا مؤقف واضح کرے گا۔
افغانستان کے لیے غیر ملکی خصوصی مندوبین کی کانفرنس میں برسرِ اقتدار طالبان کی شرکت مشکوک ہو گئی تھی جس کی وجہ طالبان کو کانفرنس کے پہلے دور میں مدعو نہ کیا جانا تھا۔
فروری میں ہونے والے دوسرے دور میں افغان طالبان نے شرکت سے انکار کر دیا تھا۔
دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کا تیسرا دور رواں ماہ 30 جون سے یکم جولائی کے درمیان منعقد ہو گا۔
ذبیح اللہ مجاہد کا افغان ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ایک وفد جس کا اعلان ابھی کیا جانا ہے، مذاکرات میں شرکت کرے گا کیوں کہ مذاکرات کا ایجنڈا سامنے آ چکا ہے جو کہ افغانستان کے لیے فائدہ مند ہے۔











