سپریم کورٹ میں بڑی تعداد میں توہین عدالت کے مقدمات زیر سماعت ہونے پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آئین کے آرٹیکل 204 کی تشریح کی جانب اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ توہین عدالت کے مرتکب ہونے والے شخص کی سزا اس وقت تک برقرار رکھی جاسکتی ہے جب تک وہ خود عدالت کے سامنے اپنی غلطی تسلیم نہ کرے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس کی جانب سے یہ مشاہدہ کیا گیا کہ ’ ہم آئین کے آرٹیکل 204 کی تشریح پر غور کر رہے ہیں، جس کے مطابق توہین عدالت آرڈیننس 2003 کی دفعات کے تحت 6 ماہ کی سزا اس وقت تک برقرار رکھی جاسکتی ہے جب تک ملزم عدالت کے سامنے خود کو بے قصور ثابت نہیں کردیتا۔
یہ مشاہدہ 13 مارچ 2007 کو سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سے بدتمیزی کرنے والے پولیس افسران اور اسلام آباد انتظامیہ کے عہدیداروں کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت کے دوران پیش آیا۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے توہین عدالت کی درخواستیں آرٹیکل 204 کے تحت شروع کی گئی اور ساتھ ہی توہین عدالت آرڈیننس 2003 کو بھی پڑھا گیا، جس کے مطابق آئین کا آرٹیکل 204 اس بات کا اختیار دیتا ہے کہ عدالتوں کو اسکینڈلائز کرنے والے افراد کے خلاف توہین عدالت کے چارجز لگائے جاسکیں جبکہ توہین عدالت آرڈیننس کی دفعہ 5 ملزم کو 6 ماہ قید یا ایک لاکھ روپے تک جرمانہ بڑھانے کا اختیار دیتا ہے۔
واضح رہے کہ 2003 کے توہین کے قانون کے مطابق ایسی درخواستوں کی سماعتیں 5 رکنی یا لارجر بینچ کرسکتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ اپیلیں یکم نومبر 2007 کے سپریم کورٹ کے اس حکم کے خلاف دائر کی گئی تھی، جس میں اس وقت کے چیف جسٹس افتخار چوہدری کو سپریم جوڈیشل کونسل کے سامنے اپنے اوپر الزامات کی وضاحت دینے سے روکنے اور بدتمیزی کرنے پر اسلام آباد کی انتظامیہ کے سینئر افسران اور پولیس اہلکاروں کو سزا دی گئی تھی، تاہم بعد ازاں ملزمان کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کی درخواست پر اس سزا کو 15 روز کے لیے معطل کردیا گیا تھا۔
بعدا ازاں 10 رکنی بینچ نے متعلقہ محکموں کو درخواست گزاروں کے خلاف اپیلوں کے التوا ہونے تک کسی قسم کی کارروائی کرنے سے روک دیا تھا۔
سپریم کورٹ میں دوران سماعت چیف جسٹس کی جانب سے سینئر وکیل شیخ احسان الدین کو یہ تجویز دی گئی کہ وہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سے پوچھیں کہ آیا وہ ان ملزمان کو معاف کرنا چاہتے ہیں۔
اس پر سینئر وکیل کی جانب سے سابق چیف جسٹس سے رابطہ کرکے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ افتخار چوہدری اس معاملے پر کچھ نہیں چاہتے لیکن معاملہ ادارے کے وقار سے تعلق رکھتا ہے۔
اس پر چیف جسٹس کی جانب سے ریمارکس دیے کہ کہ اس معاملے کو قانون کے تحت دیکھا جائے گا، جس کے بعد اس معاملے کو 5 رکنی لارجر بینچ کو بھیج دیا۔













