بھارت کی پارلیمان کے ایوانِ زیریں لوک سبھا کے انتخابات میں پیر 13 مئی کو چوتھے مرحلے میں نو ریاستوں کی 96 نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔

چوتھے مرحلے میں آندھرا پردیش میں 25، تیلنگانہ میں تمام 17، جھارکھنڈ اور اڑیسہ میں چار چار، اتر پردیش میں 13، مدھیہ پردیش میں آٹھ، بہار میں پانچ، مہاراشٹر میں 11، مغربی بنگال میں آٹھ اور بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک سیٹ پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔

قبل ازیں 19 اور 26 اپریل اور سات مئی کو تین مرحلوں کی پولنگ ہو چکی ہے۔

چوتھے مرحلے کے اہم امیدواروں میں اسد الدین اویسی، شتروگھن سنہا، سابق کرکٹر یوسف پٹھان، مہوا مائترا اور اکھلیش یادو قابل ذکر ہیں۔

اسد الدین اویسی کا مقابلہ سابق اداکارہ اور بی جے پی امیدوار مادھوی لتا سے جب کہ یوسف پٹھان کا کانگریس کے سینئر رہنما ادھیر رنجن چوہدری سے سامنا ہے۔

ان چار مرحلوں کے ساتھ لوک سبھا کی 543 نشستوں میں 381 پر ووٹ ڈالنے کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ گزشتہ تین مرحلوں میں ووٹنگ کی شرح 2019 کے مقابلے میں کم رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق کم ٹرن آؤٹ کی بنیادی وجہ بی جے پی کے کارکنوں کا ووٹ دینے کے لیے کم تعداد میں نکلنا ہے۔ لیکن بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ شدید گرمی کی وجہ سے لوگ ووٹ دینے کے لیے کم پہنچ رہے ہیں۔

انتخابی مہم کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے متنازع بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وہیں اپوزیشن کے اتحاد ’انڈیا‘ کی جانب سے مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل پر آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ حکمراں اتحاد این ڈی اے کی جانب سے مذہبی اور جذباتی ایشوز کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

تین مرحلوں کی پولنگ سے قبل وزیرِ اعظم مودی کانگریس، پاکستان اور مسلمانوں پر متعدد الزامات لگا چکے ہیں۔

انہوں نے تیسرے مرحلے کی پولنگ کے روز ایک انتخابی تقریر میں کہا تھا کہ انہیں لوک سبھا کی 400 نشستیں اس لیے چاہئیں تاکہ کانگریس رام مندر پر ’بابری تالا‘ نہ لگا سکے اور دفعہ 370 کو واپس نہ لا سکے۔

انہوں نے اتوار کو مغربی بنگال کے برک پور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا حکومت کے دوران دراندازی میں اضافے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی طاقت بنگال میں شہریت کے ترمیمی قانون، سی اے اے کے نفاذ کو نہیں روک سکتی۔

یاد رہے کہ ممتا بنرجی کا مؤقف ہے کہ وہ اپنی ریاست میں سی اے اے نافذ نہیں ہونے دیں گی۔

جب کہ کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم مودی ملک کے اصل مسائل پر عوام کو جواب دیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY