لاطینی امریکی ملک وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پادرینو کے مطابق ملک میں بغاوت کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ قبل ازیں ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ کراکس ایئر بیس پر صدر نکولاس مادورو کے حامی اور مخالف فوجیوں کے مابین مسلح لڑائی جاری تھی۔
دوسری جانب وینزویلا کے مغربی حمایت یافتہ اور خود ساختہ صدر خوآن گوآئیڈو نے کہا ہے کہ صدر مادورو کو اقتدار سے الگ کرنے کے لیے ’حتمی مرحلے‘ کا آغاز ہو گیا ہے۔ امریکی فوجی حکام کے مطابق وہ اس لاطینی امریکی ملک میں پیش آنے والے واقعات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم امریکی فوجی حکام نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ان واقعات میں ان کا کوئی کردار ہے۔












