ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران امریکی پابندیوں کا مقابلہ تیل کے علاوہ دیگر مصنوعات کی برآمدات میں اضافے سے کرے گا۔

ہفتے کو سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں ایران کے صدر کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال ہماری خام تیل کے علاوہ دیگر مصنوعات کی برآمدات 43 ارب ڈالر تھیں۔

ایرانی صدر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے جمعے کو ایران پر نئی پابندیاں عائد کی تھیں۔ جن کے تحت ایران پر یورینیم افزودہ کرنے اور واحد ایٹمی پلانٹ میں توسیع پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امریکہ ہماری خام تیل کی برآمدات پر پابندی لگا کر زرمبادلہ کے ذخائر کم کرنا چاہتا ہے۔ تاہم ہم اپنے اخراجات کم کر کے اس کا مقابلہ کریں گے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ہم پیداوار بڑھا کر ان مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کریں گے تاکہ امریکی منصوبوں کو ناکام کر سکیں۔

امریکہ نے حالیہ ہفتوں میں ایران کے خلاف سخت اقدامات کئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں امریکہ نے ایران سے تیل درآمد کرنے والے ممالک کا استثنیٰ ختم کرنے کے علاوہ پاسداران انقلاب کو بلیک لسٹ بھی کر دیا تھا

SHARE

LEAVE A REPLY