پاکستان کی بری فوج کے پندرہویں سربراہ جنرل راحیل شریف 16 / جون 1956 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک فوجی گھرانے سے ہے ۔ ان کے والد میجر محمد شریف تھے جبکہ ان کے بڑے بھائی میجر شبیر شریف شہید کو 1971ء کی پاک بھارت جنگ میں نشان حیدر کا اعزاز عطا ہوا تھا۔ 1965 ء کی پاک بھارت جنگ میں نشان حیدر حاصل کرنے والے میجر عزیز بھٹی شہید بھی ان کے قریبی عزیز تھے۔
راحیل شریف نے گورنمنٹ کالج لاہور سے باقاعدہ تعلیم حاصل کی اور اس کے پاکستان ملٹری اکیڈمی میں داخل ہوئے ۔ وہ اکیڈمی کے 54ویں لانگ کورس کے فارغ التحصیل ہیں- 1976 ء میں گریجویشن کے بعد، انہوں نے فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا- نوجوان افسر کی حیثیت سے انہوں نے انفنٹری بریگیڈ میں گلگت میں فرائض سرانجام دئیے- ایک بریگیڈیئر کے طور پر، انہوں نے دو انفنٹری بریگیڈز کی کمانڈ کی جن میں کشمیر میں چھ فرنٹیئر فورس رجمنٹ اور سیالکوٹ بارڈر پر 26 فرنٹیئر فورس رجمنٹ شامل ہیں۔
جنرل پرویز مشرف کے کے دور میں میجر جنرل راحیل شریف کو گیارہویں انفنٹری بریگیڈ کا کمانڈر مقرر کیا گیا- راحیل شریف ایک انفنٹری ڈویژن کے جنرل کمانڈنگ افسر اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ رہنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں- راحیل شریف نے اکتوبر 2010 سے اکتوبر 2012 تک گوجرانوالہ کور کی قیادت کی- انہیں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں انسپکٹر جنرل تربیت اور تشخیص رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔
وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے 27 / نومبر 2013 کو انھیں پاکستان کی مسلح افواج کا سربراہ مقرر کیا ۔
ذرائع کے مطابق راحیل شریف سیاست میں عدم دلچسپی رکھتے ہیں- انہیں دو سینئر جرنیلوں، لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم اور لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود پر فوقیت دی گئی ۔ ایک سینئر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ہارون اسلم نے اسی وجہ سے فوج سے استعفی دیا۔ ایک اور سینئر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل راشد محمود کو بعد ازاں چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی مقرر کر دیا گیا۔۔
جنرل راحیل شریف اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی رہنمائی کر رہے ہیں ۔
——————————————————————————————————–
قومی اسمبلی کے سپیکر۔ فضل القادر چودھری
(انتیس نومبر 1963 تا بارہ جون 1965)
پاکستان کی قومی اسمبلی کے پانچویں اسپیکر فضل القادر چودھری 26مارچ 1919ء کو ضلع چاٹگام کے مقام راؤزن میں پیدا ہوئے۔ 1962ء میں کنونشن مسلم لیگ کے ٹکٹ پرقومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اورمرکزی کابینہ میں شامل ہوئے۔ مولوی تمیز الدین کی وفات کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر بنے۔ بنگلہ دیش کے قیام کے بعد عوامی لیگ نے انھیں پاکستان کا حامی ہونے کے الزام میں جیل میں ڈال دیا جہاں 17 / جولائی 1973ء کو ان کا انتقال ہو گیا۔
——————————————————–
سید احمد شہید کی پیدائش
برصغیر پاک وہند کے عظیم مجاہد آزادی سید احمد شہید کی تاریخ پیدائش 29 / نومبر1786ء ہے۔
آپ شاہ عبدالعزیزدہلوی کے شاگرد تھے۔ 1826ء میں آپ نے اعلان کیا کہ سکھوں کی برھتی ہوئی ریشہ دوانیوں کے باعث مسلمانوں پر جہاد فرض ہو گیا۔ آپ بہت سے مجاہدین کے ہمراہ صوبہ سرحد پہنچے۔ آخری معرکہ بالا کوٹ کے مقام پر ہوا جہاں 6 مئی1831ء کوحضرت سید احمد شہید نے جام شہادت نوش کیا۔ آپ کے دوش بدوش شاہ ولی اللہ کے پوتے شاہ اسماعیل بھی شہادت سے سرفراز ہوئے۔ آپ دونوں کے مزار بالا کوٹ کے مقام پر مرجع خلائق ہیں۔
————————————————-
جہانگیر خان نے پہلی مرتبہ ورلڈ اوپن سکواش جیتی
پاکستان کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان نے 29 / نومبر 1981ء کو اسکواش کا ورلڈ اوپن ٹورنامنٹ جیت کر کامیابیوں اور کامرانیوں کے اس سفر کا آغاز کیا جس کی کوئی نظیر یا مثال سکواش کی دنیا میں تو کجا کھیلوں کی دنیا میں بھی دور دور تک نہیں ملتی۔ جہانگیر خان نے اپریل 1981ء میں برٹش اوپن کے فائنل میں جیف ہنٹ سے شکست کھائی لیکن اسی برس ورلڈ اوپن اسکواش چیمپیئن شپ کے فائنل میں جب ان کا مقابلہ اپنے ہم وطن قمر زمان سے ہوا تو انہوں نے وہ چیمپیئن شپ جیت کر دنیا کے سب سے کم عمر عالمی اسکواش چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ جہانگیر خان نے اسکواش کی ورلڈ اوپن چیمپیئن شپ چھ مرتبہ جیتی تاہم اب ان کا یہ ریکارڈ جان شیر خان توڑ چکے ہیں۔
وقار زیدی ۔ کراچی












