قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی تشکیل نو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو کمیٹی کا رکن بنا دیا گیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے ماطقب اسد عمر کو قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا رکن بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
اسد عمر کو پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے سید باسط احمد سلطان کی جگہ کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے۔
سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو کمیٹی کا چیئرمین بنانے کیلئے پیر کے روز اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، انھیں فیض اللہ کی جگہ کمیٹی کا چئیرمین بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اسد عمر کو وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کی پیشکش بھی کی تھی۔ گزشتہ دنوں وزیراعظم سے سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے ملاقات کی جس میں ان کی وفاقی کابینہ میں واپسی سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ بنانے کی منظوری دیتے ہوئے چیف وہپ عامر ڈوگر کو ہدایت جاری کر دی تھی۔
اس وقت تحریک انصاف کے ایم این اے فیض اللہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین ہیں، قواعد کے تحت اسد عمر کو پہلے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا رکن نامزد کیا گیا ہے، ممبر بننے کےبعد اسد عمر کو قائمہ کمیٹی کا چیئرمین بنایا جائے گا۔












