وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ پندرہویں روزے تک چاند دیکھنے کا کیلنڈر بن جائے گا ،چاند دیکھنے کے لئے ایپ بھی تیار کریں گے۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ اسلامی دنیا میں پاکستان خلائی سطح پر سب سے آگے ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےفواد چودھری نے کہا ہے کہ ایک مسئلہ تھا کہ چاند کو دیکھنا ضروری ہے، انہوں نے اپنی ٹیم کو ذمہ داری دی ہے کہ ایک ایپ تیار کی جائے جس میں جاکر آپ چاند کو دیکھ بھی سکیں، جو چاند دیکھنا چاہے گا وہ ایپلی کیشن میں جاکر چاند دیکھ سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کو بھی دعوت دی ہے کہ وہ بھی سارا کام دیکھیں۔
دریں اثناء وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی نے ایک بیان میں تجویز دی ہے کہ ریاست کو چاہیے تمام مساجد میں امام مساجد کوگریڈ 14 تا 16 نوکریاں دے،اس سے مخصوص ٹولے کی اجارہ داری ختم ہو گی اورایک ڈسپلن بھی آئے گا۔












