وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج ہو گا۔
ای سی سی کا اجلاس وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہو گا جس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جائے گی جبکہ رواں سال گندم کی خریداری کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں سعودی عرب کے ترقیاتی منصوبوں میں ٹیکس کی چھوٹ سے متعلق بھی غور کیا جائے گا۔
ای سی ای اجلاس میں قواعد و ضوابط کے مطابق ایگزام بینک کے قرضے سے متعلق سمری زیر غور آئے گی جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے لیے اضافی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔
اس سے قبل 3 مئی کو ہونے والے ای سی سی اجلاس میں پٹرول کی قیمت 108 روپے فی لیٹر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اوگرا نے پٹرول 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی تھی تاہم حکومت نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے پٹرول کی مد میں پانچ ارب روپے کا بوجھ برداشت کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا معاملہ ای سی سی کو بھیجا تھا۔
سابق وزیرخزانہ اسد عمر کے استعفیٰ کے بعد ای سی سی کا یہ پہلا اجلاس تھا۔ جس میں 18 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا تھا جبکہ ای سی سی نے وزارتوں کی سپلیمنٹری گرانٹس کی بھی منظوری دی تھی۔
3 اپریل کو اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے ای سی سی اجلاس کے دوران ملک بھر میں یوریا کھاد کی طلب اور پیداوار کا جائزہ لینے کے بعد مزید ایک لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔
وزارت صنعت و پیداوار کو قیمتوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے کسانوں کو سستی قیمت پر کھاد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔












