زرداری ہاؤس میں افطار ڈںر کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی اہم بیٹھک میں گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے نیب کارروائیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس زرداری ہاؤس میں جاری ہے جس کی میزبانی سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کر رہے ہیں۔
اپوزیشن کے اس اہم اجلاس میں مریم نواز شریف، شاہد خاقان عباسی، حمزہ شہباز، لیاقت بلوچ، زاہد خان، آفتاب شیر پاؤ، حاصل بزنجو، جہانزیب جمالدینی، رضا ربانی، شیری رحمان، نیر بخاری اور فرحت اللہ بابر سمیت اہم سیاسی رہنما بھی شریک ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی جانب سے گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے نیب کارروائیوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں انتقامی قرار دیدیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے اس اہم اجلاس میں مستقبل میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اپوزیشن کے افطار ڈنر میں قبل ازوقت انتخابات یا قومی حکومت کے مطالبے پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس تجویز پر بھی غور کیا گیا کہ حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا یہ بہترین وقت ہے یا انتظار کیا جائے؟
اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ نیب چیئرمین نے انٹرویو میں جو باتیں کی ہیں اس سے ان کی غیر جانبداری واضح ہو گئی ہے۔ شہباز شریف کے حوالے سے نیب چیئرمین کے انٹرویو پر حمزہ شہباز نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر اپوزیشن رہنما خورشید شاہ نے استفسار کیا کہ اپوزیشن جماعتیں قومی حکومت چاہتی ہیں یا قبل از وقت انتخابات؟













