پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں ایچ آئی وی کے مریضوں کے مفت اور عمر بھر علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو نے یہ اعلان تعلقہ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں بلڈ اسکریننگ سینٹر کا دورہ کرنے کے بعد رتوڈیرو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، وزیر صحت عذرا پیچو اور مشیر برائے اطلاعات مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران بلاول بھٹو نے ڈاکٹروں اور ہسپتال عملے سے ملاقات کی، جنہوں نے بتایا کہ کیمپ میں 32 دن کے دوران ایچ آئی وی/ایڈز کی تشخیص کے لیے 22 ہزار افراد کا ٹیسٹ کیا گیا۔
ڈاکٹروں اور عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو دُگنا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
بلاول بھٹو نے ہسپتال میں مریضوں کے لیے قائم کیے گئے یونٹ کا دورہ کیا اور متاثرہ بچوں کے والدین کو یقین دہانی کروائی کہ انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو ایچ آئی وی وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے ایچ آئی وی کا مقابلہ کرنے کے لیے اسمبلی میں بل کا ایک نیا مسودہ پیش کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ 2012 سندھ اسمبلی میں صوبے میں ایچ آئی وی/ایڈز پر قابو پانے کے لیے قانون سازی پر غور کیا تھا۔
بلاول بھٹو نے میڈیا کو ایچ آئی وی/ایڈز کے مریضوں کے نام رپورٹ کرنے اور تصاویر شائع کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔












