وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم صفدر معاشرتی اقدار کے خلاف زبان استعمال کرتی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایک خاندان نے آج کے دن بھی عمران خان کو ہی ہدف بنایا۔
انہوں نے کہا کہ انجمن درداران نیب نے آج لاہور میں فلاپ شو کیا۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ مریم صفدر بار بار ایسی زبان استعمال کرتی ہیں، معاشرتی اقدار جس کی اجازت نہیں دیتی۔
انہوں نے کہا کہ جواب دینا ہمیں بھی آتا ہے لیکن ہم نہیں چاہتے کہ معاشرے کی حدود پھلانگی جائے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ان گیدڑ بھبھکیوں سے نہ ڈرنے والا ہے نہ جھکنے والا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں ہم سے نہ پوچھو کہ یہ اثاثے کیسے بنے، ایک صاحب اپنا سیاسی قد اونچا کرنے کے لیے عمران خان پرتنقید کرتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اگر آپ نے کچھ غلط نہیں کیا تو آپ بیرون ملک سے پاکستان واپس کیوں نہیں آرہے، جن کا دامن صاف ہوتا ہے وہ اپنے بچوں کے کندھوں پر رکھ کر بندوق نہیں چلاتے۔












